مینار پاکستان جلسہ میں جیب تراشی، چوری کیلئے آئے 15 سندھی گرفتار

لاہور (نامہ نگار) آرگنائزڈ کرائم پولیس چوہنگ نے مینار پاکستان میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے جلسے کے موقع جیب تراشی وچوری کی وارداتوں کے لئے سندھ سے آنے والے 15 ملزمان کوگرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں عابد، عارف، وقار، عرفان، قادر، خاور، شبیر، فاروق، اصغر اور انس وغیرہ شامل ہیں۔ ملزمان نے انکشاف کیا کہ مینار پاکستان جلسہ میں آنے والی عوام الناس کی جیب تراشی اور چوری ہمارا مقصد تھا۔ ہمارا 40 سے 45 ممبران کا گروہ ہے اور جلسے میں دیگر صوبوں سے آنے والے لوگوں کو لوٹنے کےلئے صوبہ سندھ سے آئے ہیں۔ ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم یونٹ چوہنگ فاروق اصغر اعوان نے بتایا ہے کہ ملزمان جلسہ گاہوں اور ہجوم والی جگہوں سے شہریوں کی جیبیں تراش کر کے واپس اپنے صوبے میں فرار ہو جاتے تھے۔ ملزمان کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے اور پبلک ریلیشن شپ کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں اور انہوں نے چوری و جیب تراشی جیسی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ملزمان کو پراسیکیوشن پارٹنر شپ کی مدد سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن