راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی سے سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ اور عامر سعید راں نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی انہوں نے قانونی معاملات پر مشاورت کی سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں قانون کے منافی سختیاں کی جارہی ہیں وکلا اور فیملی کو تنہائی میں ملاقات کرنے اور مشاورت کی اجازت نہیں دی جارہی سردار عبدالرازق نے کہا کہ ملاقات کے دوران جیل اہلکار سر پر کھڑے رہتے ہیں نہ تو فیملی اپنی گھریلو اور رازدارانہ گفتگو کرسکتی ہے اور نہ ہی چوہدری پرویز الہی وکلا سے کنفیڈنشیل بات کرسکتے ہیں درمیان میں ایک بڑا میز رکھ کر فاصلہ پیدا کیا جاتا ہے جہاں صرف اونچی آواز سے ہی بات کی جاسکتی ہے گفتگو کو ٹیپ کیا جاتا ہے سردار عبدالرازق نے کہا کہ کاغذ پنسل رکھنے کی بھی اجازت نہیں دی جاتی یہ تمام اقدامات جیل مینول کے برعکس کیے جارہے ہیں سردار عبدالرازق نے کہا کہ ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود چوہدری پرویز الہی کو بی کلاس بھی نہیں دی جارہی عدالت نے چوہدری پرویز الہی کو گھر کا کھانا فراہم کرنے کا بھی حکم دے رکھا ہے مگر اس پر بھی عمل نہیں ہورہا سردار عبدالرازق نے بتایا کہ چوہدری پرویز الہی سے جیل میں ان کی فیملی نے بھی ملاقات کی۔
پرویز الہٰی سے سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ کی اڈیالہ جیل میں ملاقات
Oct 22, 2023