لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو مساوی مواقع نہ ملے تو انتخابات متنازعہ ہو جائیں گے۔ مزید انتشار پھیلے گا، استحکام کا دار و مدار الیکشن کمشن اور نگران حکومت کے فیصلوں پر ہے۔ دونوں آئینی ذمہ داری پوری کریں، مہنگائی، بے روزگاری سے پسی عوام میں مایوسی و بے چینی بڑھ رہی ہے۔ ملک کو صاف شفاف انتخابات چاہییں۔ قومی سیاست پر گزشتہ 75 برسوں سے ظالم جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دار مسلط ہیں۔ ان کے پاس سرمائے کے علاوہ اور کچھ نہیں، یہ دولت سے ہی پولنگ سٹیشن خریدتے ہیں۔ سیاست افراد اور خاندانوں کے گرد گھومتی رہی تو سو سال میں بھی بہتری نہیں آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خانیوال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کچھ لوگ پرانے الفاظ کو نیا بنا کر پیش کر رہے ہیں، نتیجہ وہی ڈھاک کے تین پات نکلے گا۔ خوشحالی کی نوید سنانے والوں کے ادوار حکومت میں قوم نے صرف بدحالی دیکھی۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے بھی جلسہ سے خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی راو¿ ظفر، امیر ضلع خانیوال ہارون رشید نظامی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے کہا کہ ملک میں حکمرانوں کے اثاثوں میں اضافہ ہوتا رہا، قومی خزانہ خالی ہوگیا، مہنگائی سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ بجلی اور گیس کے بل موت کے پروانے بن گئے، غربت کی وجہ سے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ 80 فیصد عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہےں۔ لوگ بوڑھے والدین کا علاج کرانے کی سکت نہیں رکھتے، نوجوان مایوس ہو کر ملک سے بھاگ رہے ہیں۔ بار بار آزمائے گئے لوگوں کو مزید آزمانا آئندہ نسلوں کو بھی غلامی میں دینے کے مترادف ہے۔ ملک کو نئی قیادت کی ضرورت ہے۔ امیر نے کہا کہ ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے جنوبی پنجاب کے عوام سے جھوٹے وعدے کیے، علاقہ کی سیاست جاگیرداروں کے گھر کی لونڈی ہے، پڑھے لکھے لوگوں کو آگے آنا ہوگا۔ جماعت اسلامی عام آدمی کو اسمبلیوں میں پہنچانے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ جنوبی پنجاب کے نوجوان جماعت اسلامی کا ہراول دستہ بنیں۔ 58 اسلامی ممالک خیراتی اداروں کی بجائے حکومتی سطح پر اہل فلسطین کی مدد کریں، اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم روکنے کے لیے انہیں عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ غزہ کے مظلوم ان کی طرف دیکھ رہے ہیں، حکمرانوں کا فرض ہے کہ امت کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کریں۔ فلسطین ہمیں جان سے بھی عزیز ہے، سراج الحق نے کہا کہ معروف دینی درسگاہ جامعہ منصورہ بالا میں رابط اخوان سندھ کنونشن سے خطاب کریں گے۔ وہ ٹنڈو آدم، حیدرآباد، ٹنڈومحمد خان، ٹھٹہ اور کراچی میں بھی مختلف دعوتی، تنظیمی اور عوامی اجتماعات سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کریں گے۔