قومی ایئر لائن کا مالی بحران شدت اختیار کر گیا .جس کے باعث پی آئی کی 77 پروازیں اڑان نہ بھر سکیں اور فضائی آپریشن مکمل طور پر بند ہو گیا ہے۔
قومی ایئر لائن پی آئی اے کا مالی بحران مزید شدت اختیار کرگیا. ایئر لائن کو ایندھن کی فراہمی نہ ہونے کے باعث فلائٹ آپریشن بند کردیا گیا۔ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) سے ایندھن کی فراہمی میں واضح کمی کردی گئی ہے. جس کے سبب متعدد پروازوں کو منسوخ کردیا گیا ہے۔پی آئی اے کی ملک بھر کے ائیرپورٹس سے 26 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں، جن میں کراچی سے اسلام آباد، کوئٹہ، بہاولپور، لاہور، گوادر اور ملتان کی پروازیں ایندھن کی عدم فراہمی پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، سیالکوٹ، ملتان اور پشاور ائیر پورٹس سے بھی پی آئی اے کی پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔کراچی سے مختلف ائیرپورٹس کی 18 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں. کراچی اسلام آباد کی 3 پروازیں اور اسلام آباد سے کراچی کی 2 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جب کہ لاہور سے کراچی کی 2 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔فیول ایڈجسٹمنٹ پلان کے تحت آج کراچی ائیرپورٹ سے اندرون و بیرون ملک کی صرف 3 پروازوں کی آمدورفت ہوگی جن میں کراچی سکھر کی دو طرفہ پرواز،اسلام آباد، دبئی اور جدہ کی ایک ایک پرواز شامل ہے۔کراچی سے گوادر، بہاولپور، فیصل آباد آنے اور جانے کی 6 پروازیں،کراچی لاہور کی 3 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جب کہ سیالکوٹ سے مسقط جانے اور آنے کی 2 پروازوں کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔