لاہور: حال ہی میں منظرِ عام پر آکر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق توڑنے والے فرخ حبیب کو استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں اہم ذمہ داری دیے جانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے آئی پی پی پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین سے ملاقات کی. جس میں انہیں اہم ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا گیا، لیکن اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ انہیں کیا ذمہ داری دی جائے گی۔
دوسری جانب فواد چوہدری نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی ہے اور اس موقع پر عون چوہدری بھی موجود تھے۔
چند روز قبل فرخ حبیب نے ایک پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی چھوڑنے اور آئی پی پی میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پچھلے 5 ماہ سے ہم سب لوگ اپنے گھروں میں نہیں تھے. 9 مئی کو افسوسناک واقعہ پیش آیا اس کے بعد ہم سب گھروں سے دورتھے۔سابق وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ جو سیاست ہم کر رہے ہیں کیا اسی کیلیے پنجاب یونیورسٹی میں بطور سیاسی طالبعلم جدوجہد کا آغاز کیا تھا؟ میں نے خود کو وقت دیا تا کہ فیصلہ کر سکوں، روحانی اور مخلص دوستوں سے مشورے کیے۔انہوں نے کہا تھا کہ ہم اپنے مقصد سے ہٹ کر پاکستان کو تشدد کی سیاست پر لے آئے تھے. تحریک عدم اعتماد ہوا تھا تو ایسی سیاسی گیم ہوتی رہتی ہیں، اس کے بعد نہ ہمیں چین سے بیٹھنے دیا گیا نہ عوام کو، آئینی طریقے سے چیئرمین پی ٹی آئی کو ہٹایا گیا تو پھر انتظار کرنا چاہیے تھا۔