فضل الرحمان کا مثبت و تاریخی کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، محسن نقوی

Oct 22, 2024

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے )وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے 26ویں آئینی ترمیم بل کی منظوری پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ  پاکستان کے عوام کی کامیابی ہے اور اس پر اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے آئینی ترمیم کی حمایت پر جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور اتحادی جماعتوں کے قائدین کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔اپنے بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کا مثبت و تاریخی کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ صدرمملکت آصف علی زرداری،وزیراعظم شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ سب قائدین نے 26 ویں آئینی ترمیم بل کے لئے مشترکہ طور پر انتھک محنت کی اور یہ کاوشیں ثمر آور ثابت ہوئیں،یہ آئینی ترمیم جمہوریت کی فتح  ہے، مضبوط جمہوریت اور روشن جمہوری مستقبل کے تابناک سفر کی پائیدار بنیاد رکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جیت  پاکستان اور پاکستان کے عوام کی ہوئی ہے۔ تمام جمہوری جماعتوں کے قائدین کو  خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔  انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم بل کی منظوری پارلیمنٹ کا حق ہے ۔آئینی ترمیم کے لئے اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے سب نے مل کر جو کام کیا اس کا خوبصورت نتیجہ سامنے آیا ،اداروں کے مابین اختیارات کے توازن کے لئے یہ ترمیم کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔

مزیدخبریں