اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے کلائمیٹ فنانسنگ کیلئے آئی ایم ایف سے دوبارہ درخواست کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ آئی ایم ایف اور عالمی بنک کے سالانہ اجلاس کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آئی ایم ایف سے دو ارب ڈالر کلائمیٹ فنانسنگ کیلئے درخواست کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات کے دوران کلائمیٹ فنانسنگ کیلئے وزارت خزانہ نے ورکنگ مکمل کر لی۔ صدر عالمی بنک سے موسمیاتی تبدیلی کے منصوبوں کی فنانسنگ کیلئے منصوبوں پر بات چیت کی جائے گی۔ کلائمیٹ فنانسنگ کیلئے پہلی درخواست کو آئی ایم ایف نے فوری نہیں مانا تھا۔ ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف حکام کے ساتھ قرض پروگرام کے بعد اہداف پر عملدرآمد کی ابتدائی رپورٹس کا جائزہ لیا جائے گا۔26 اکتوبر تک وزیر خزانہ، سیکرٹری خزانہ اور سٹیٹ بنک حکام کے ساتھ سالانہ اجلاسوں میں شریک ہوں گے۔ وزیر خزانہ آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے بعد ہفتے کے اختتام تک واپس آئیں گے۔