غزہ، بیروت (آئی این پی) غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع بیت لاحیا میںگزشتہ 24گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 87 ہو گئی ،فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس نے غزہ میں صیہونی فورسز کے ساتھ چھڑپوں اور انہیں نقصان پہنچانے کی ویڈیوز جاری کر دیں۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے شمالی غزہ کے جبالیہ کیمپ میں اسرائیلی ٹینک تباہ کرنے کی ویڈیو جاری کی، اسرائیلی ٹینک کو بارودی سرنگ سے تباہ کیا گیا۔القسام بریگیڈز نے جبالیہ کیپ میں اسرائیلی فوج پر حملوں کی بھی ویڈیوز جاری کی ہیں، جبالیہ کیپ میں مجاہدین اور اسرائیلی فوج کی گلی محلوں میں لڑائی ہوئی۔حماس میڈیا کے مطابق مجاہدین نے شدید لڑائی کے بعد صیہونی فوجیوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیا۔ اس کے علاوہ القسام بریگیڈز نے جبالیہ میں ایک اسرائیلی جاسوس ڈرون کو پکڑلیا جس کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔دریں اثناء حماس نے بیت لاحیا میں قتل عام کے بدلے اسرائیلی سفارتخانوں کے محاصرے کا اعلان کر دیا۔ادھرگزشتہ 24گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع بیت لاحیا میں ہلاکتوں کی تعداد 87 ہو گئی ہے، حماس کے پولیٹیکل بیورو کے رکن عزت الرشق نے کہا کہ اگر ایک سال قبل پوری دنیا میں اسرائیل کے سفارت خانے اور مفادات ایک مسلسل اور کھلی تحریک میں گھرے ہوتے تو وہ بیت لاحیا کے قتل عام کی ہمت نہ کرتے۔انہوں نے ایک بیان میں اس بات پر بھی زور دیا کہ تحریک عرب قوم کے لوگوں کو اسرائیل اور جنگ میں اس کے اتحادیوں کے خلاف اپنی تحریک تیز کرنے کا مطالبہ کرتی رہے گی۔غزہ کے بعد اب لبنان میں بھی اسرائیلی فوج نے اپنی جارحانہ کارروائیوں میں اضافہ کردیا ،اسرائیلی فوج کے حملے میں لبنانی فوج کے 3 فوجی اہلکار موقع پر ہی جاںبحق ہوگئے جب کہ متعدد کے زخمی ہوگئے ۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنانی فوج کا کہنا ہے کہ معمول کی پٹرولنگ پر مامور ہماری ایک ملٹری وہیکل کو اسرائیلی فوج نے نشانہ بنایا ہے۔ لبنانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حملے سے متعلق مزید معلومات حاصل کر رہے ہیں۔دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے لبنانی فوج پر حملے کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔