کرنٹ اکائونٹ سر پلس 6ماہ کی بلند ترین سطح ، پر نیرونی سرمایہ  کاری میں 70فیصد اضافہ 

Oct 22, 2024

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ دو ماہ لگاتار سرپلس ریکارڈ، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 6 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق ستمبر 2024ء میں کرنٹ اکاؤنٹ 11 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سرپلس ہوگیا جو ستمبر 2023ء میں کرنٹ اکاؤنٹ 21 کروڑ 80 لاکھ ڈالر خسارے میں تھا۔ ماہانہ بنیادوں پر کرنٹ اکاؤنٹ میں 310 فیصد بہتری آئی، اگست 2024ء میں کرنٹ اکاؤنٹ 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سرپلس دیکھا گیا۔ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سالانہ 92 فیصد کم ہوا، پاکستان میں رواں مالی سال کے ابتدائی تین مہینوں میں بیرونی سرمایہ کاری 70 فیصد اضافے سے 90 کروڑ 35 لاکھ ڈالر رہی۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان ایس بی پی کے مطابق ستمبر میں ملک میں 41 کروڑ  46 لاکھ ڈالر کی بیرونی سرمایہ ہوئی، ملکی نجی شعبے میں ساڑھے 38 کروڑ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری ہوئی جبکہ سٹاک مارکیٹ سے پونے پانچ کروڑ ڈالر نکالے گئے ہیں۔ ستمبر میں سرکاری شعبے میں سات کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ سٹیٹ بنک کے مطابق ستمبر کے اعداد شامل کرنے کے بعد رواں مالی سال کے ابتدائی تین مہینوں میں 90 کروڑ 35 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔

مزیدخبریں