اسلام آباد (خبر نگار)26 ویں آئینی ترمیم میں اسلامی شقوں کی منظوری کا معاملہ پر جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے کامران مرتضی کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی تقریب میں مفتی تقی عثمانی صاحب، مولانا حنیف جالندھری، مولانا عبدالغفور حیدری، خواجہ خلیل احمد، مولانا عطاء الرحمان، مولانا اسعد محمود، اسلم غوری مولانا عبدالواسع، قاری ابراہیم سمیت دیگر شریک ہوئے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کئی روز سے ملک میں آئینی ترمیم کی باتیں گردش کر رہی تھیں۔ اس ترمیم میں کلیدی کردار سینیٹرکامران مرتضیٰ کا ہے۔ میں آج کی تقریب کامران مرتضیٰ کے نام کرتا ہوں۔ تقی عثمانی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ آج میری حاضری اس لئے ہوئی کہ جب ترمیمات منظور ہوئیں صدر مملکت نے دستخط کر دئیے۔ ان ترامیم میں مولانا فضل الرحمان صاحب کا کردار مسلسل نظر آرہا تھا۔ یہ ملک اور ملت کی بڑی عظیم خدمت ہوئی ہے۔ مجھے معلوم نہیں تھا کہ مولانا صاحب نے آج کوئی تقریب منعقد کی ہے میں تو مبارکباد کیلئے آیا۔ اللہ تعالی مولانا فضل الرحمان کا سایہ ہمیشہ ہمارے سر پر سلامت رکھے۔ مولانا حنیف جالندھری نے کہا کہ آج تمام دینی مدارس میں دعائوں کا اہتمام کیا جائے، شکرانے کے نوافل ادا کئے جائیں ہم مولانا فضل الرحمان کے مشکور ہیں۔ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد تقی عثمانی نے کہا کہ آج مولانا فضل الرحمن کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے الفاظ نہیں مل رہے ہیں۔ انہوں نے جس دانشمندی سے اس موقع پر ملک و ملت کی رہنمائی کی اس سے کئی اسلامی مقاصد حاصل ہوئے اور ملک شدید سیاسی انتشار سے بچ گیا، انہوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے سود کے خاتمے، وفاقی شرعی عدالت اور مدارس کا مسئلہ حل ہوا۔
ترمیم منظوری‘ کامران مرتضیٰ کے اعزاز میں تقریب‘ تقی عثمانی کی فضل الرحمنٰ کو مبارکباد
Oct 22, 2024