لاہور،گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے فیصل ٹاؤن کے علاقے میں عارف کے گھر گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 5 لاکھ70ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، فیکٹری ایریا کے علاقے میں قادر اور اس کی فیملی سے 4 لاکھ10ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، رائیونڈکے علاقے میں حسین سے 3لاکھ 80 ہزار روپے، سندرکے علاقے میں اقبال سے ایک لاکھ 45ہزار روپے اور موبائل فون، سمن آباد میں لیاقت سے 84ہزار روپے اور موبائل فون، کوٹ لکھپت میں راشد سے 65 ہزار روپے اور موبائل فون، لوئر مال کے علاقے میں مرتضی سے 48ہزار روپے اور موبائل فون، ٹاؤن شپ میں شاہ ویز سے 33ہزار روپے اور موبائل فون ،گوالمنڈی کے علاقے میں قاسم سے 19ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے نشتر کالونی کے علاقے میں رمضان کے گھر سے ساڑھے4 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان چوری کر لیا۔ چوروں نے جوہرٹاؤن، شاہدرہ اور کیولری گراؤنڈ کے علاقوں سے3 کاریں، ہنجروال اور باغبانپورہ کے علاقوں سے2 رکشے جبکہ شیرا کوٹ ، بھاٹی گیٹ، شمالی چھاؤنی، مناواں، برکی، قلعہ گجر سنگھ، ملت پارک، مزنگ اور باغبانپورہ کے علاقوں سے 9موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔ دریں اثناء گوجرانوالہ بسم اللہ کالونی کا رہائشی عبدالستار بیوی کے ہمراہ کار میں جا رہا تھا کہ علی پور چوک کے قریب ڈاکوؤں نے بیوی کے سامنے فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ عبدالستار چار روز قبل بیرون ملک سے واپس آیا تھا۔
لاکھوں کی وارداتیں‘ گوجرانوالہ میں ڈاکوؤں نے شہری قتل کر دیا
Oct 22, 2024