شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈارنے کہا ہے کہ انصاف کرنے والے اگر انصاف کرتے سیاست نہ کرتے تو عدلیہ کو یہ دن نہ دیکھنا پڑتے۔ آئینی ترامیم ججوں کی سیاست کا جواب ہے۔ گڈ ٹو سی یو والی سوچ والے جب کسی کو صادق اور امین ڈکلیئر کریں گے تو پارلیمنٹ سے بھی ردعمل آئے گا۔ وکلا چیمبر کی سیاست کی بھینٹ چڑھنے والے ججوں کے باعث حکمرانوں نے عدلیہ کو تابع کرلیا ہے۔ اس منفی عمل میں سارے کا سارا قصور ججوں کی سیاسی سرگرمیوں کا ہے۔ اختر ڈار نے کہا کہ حکمران اب اپنی پسند کے ججز لگائیں گے اور اب میرا چیف جسٹس تیرا چیف جسٹس کا سلسلہ نہ رکنے والا ہے جبکہ اس سے قبل میرا چیف آف آرمی سٹاف اور تیرا چیف آف آرمی سٹاف کا سلسلہ جاری ہے جو کہ ایک المیہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب عدلیہ سوموٹو سمیت بے شمار اختیارات سے بھی محروم ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے بحرانوں میں عدلیہ کا واضح منفی کردار رہا ہے جس کا خمیازہ پوری قوم آج تک بھگت رہی ہے۔
اب میرا چیف جسٹس‘ تیرا چیف جسٹس کا سلسلہ نہیں رکنے والا: اختر اقبال ڈار
Oct 22, 2024