لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں لاہور قلندر کے سی ای او عاطف رانا نے ملاقات کی۔ ملاقات میں یونیورسٹیوں میں سپورٹس کے فروغ کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سی ای او لاہور قلندر عاطف رانا نے گورنر پنجاب کو تعلیمی اداروں میں کیمپ لگانے کے بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہے اور انہیں کھیلوں جیسی صحت مندانہ سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا بہت ضروری ہے۔ دریں اثناء گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو، مسلم لیگ (ن) اور تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر مبارکباد دی۔ علاوہ ازیں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے یونیورسٹی آف لاہور میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ یہ بڑی عزت کی بات ہے کہ یونیورسٹی آف لاہور نے آپ کو ڈکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا ہے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ڈاکٹر عبدالباری خان اور جاوید اشرف بھٹی کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی۔