جیکب آباد(این این آئی)جیکب آباد پولیس سے ملزمان اسلحہ سے بھری گاڑی چھین کر فرار، ایس ایس پی نے غفلت برتنے پر 3 اہلکاروں کو معطل کرکے لاکپ کردیا، صوبائی وزیر داخلہ نے واقعے کا نوٹس لے لیا، ملوث اہلکاروں کے خلاف کاروائی کرنے کے احکامات۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد پولیس سے شکارپور کے قریب نامعلوم ملزمان اسلحہ سے بھری گاڑی چھین کرفرار ہوگئے، ملنے والی اطلاعات کے مطابق اسلحہ اسمگلنگ کیس کے انویسٹی گیشن آفیسر عزیز قریشی جیکب آباد پولیس کی جانب سے تین ہفتے قبل چھاپے کے دوران پکڑا گیا اسلحہ فارنزک لیبارٹری لاڑکانہ سے چیکنگ کے بعد واپس جیکب آباد لارہے تھے کہ ملزمان نے شکارپور کے قریب پولیس اہلکاروں سے اسلحہ سے بھری گاڑی چھین کر فرار ہوگئے، اسلحہ میں 138نائن ایم ایم پستول، 276میگزین اور بھاری مقدار میں گولیاں شامل تھی، اسلحہ چھننے کی واردات کا ایس ایس پی صدام حسین خاصخیلی نے نوٹس لیکر صدر تھانہ کے سب انسپکٹر عزیز قریشی سمیت ہیڈ محرر اور نائب محرر کو معطل کرکے لاکپ کردیا ۔ جیکب آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق ایس ایس پی جیکب آباد صدام حسین خاصخٰیلی نے کہا ہے کہ فارنزک لیبارٹری کے لیے گئے ہوئے ہتھیاروں کا لاڑکانہ سے واپسی پر دھوکہ دہی سے چوری /چھینے جانے کا واقعہ انویسٹی گیشن افسر کی بدنیتی کے باعث پیش آیا ہے ، ابتدائی معلومات کے مطابق انویسٹی گیشن افسر ملزمان کے سہولت کاروں سے رابطے میں تھا اور فون پر اتھارٹی لیٹر منگوا کر سہولت کار ملزمان کے ساتھ انہیں کی گاڑی میں ہتھیار واپس لارہا تھا، انویسٹی گیشن افسر، ہیڈ مہرر اور نائب مہرر کو معطل کرکے فوری انویسٹیگیشن کا آغاز کردیا گیا ہے ، اعلیٰ افسران کو بتائے بغیر سرکاری گاڑی اور اسٹاف کے بجائے پرائیوٹ گاڑی میں ہتھیاروں کو واپس لانا تفتیشی افسر کی بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے ، غفلت برتنے والے انویسٹی گیشن افسر، ہیڈ مہرر، اور نائب مہرر کو معطل کرکے حراست میں لے لیا ہے۔ ایس ایس پی جیکب آباد نے ڈی ایس پی صدر کی سربراہی میں پی ڈی ایس پی اور ڈی ایس پی سٹی پر مشتمل تین رکنی کمیٹی قائم کردی ہے جو مذکورہ تمام واقعہ کی انکوائری کرکے 24 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرے گی، واقعے کی ہر پہلو سے انویسٹی گیشن کی جارہی ہے تاکہ حقائق کا تعین ہوسکے انویسٹی گیشن کے دوران غفلت اور نااہلی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کاروائی کی جائیگی اور ساتھ ساتھ غفلت کا مظاہرہ کرنے والے پولیس ملازمین سمیت ملزمان کے سہولت کاروں کیخلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔علاوہ ازیں جیکب آباد پولیس نے اسلحہ چھیننے کے واقع کے بعد بلوچستان کے علاقے جھٹ پٹ سے اسلحہ کے بیوپاری لیاقت علی کو گرفتار کرلیا ہے، واضح رہے کہ صدر تھانہ کی پولیس نے 2اکتوبر کو پنجاب سے بلوچستان جانے والے ٹرک پر چھاپہ مارکر اسلحہ کی بھاری کھیپ برآمد کرلی تھی اور دو بین الصوبائی اسمگلروں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
جیکب آباد پولیس سے اسلحہ سے بھری گاڑی چھین لی گئی‘وزیرداخلہ کا نوٹس
Oct 22, 2024