کرکٹ نہیں‘ فٹ بال کا شوقین ہوں: ذاکر نائیک‘ سیالکوٹ میں نجی کالج کا افتتاح

Oct 22, 2024

سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی) ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا ہے کہ صحیح تعلیم صرف اور صرف قرآن اور صحیح احادیث ہی ہیں۔ لہٰذا اپنے بچوں کو دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم دلانا اپنے اوپر فرض کر لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں ایک نجی کالج کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر کالج کے سی ای او میاں منظور احمد، چوہدری عبدالرزاق چوہان، حافظ جنید صندل، مہر ارشد محمود، مولانا عمران بشیر، رانا شوکت علی، انجنیئر یاسر راجہ، رومان راجہ ایڈووکیٹ کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں شہری موجود تھے۔ ڈاکٹر عبدالکریم ذاکر نائیک نے کہا کہ سیالکوٹ مہمان نواز لوگوں کا شہر ہے، یہاں کے لوگ سرجیکل کا سامان، لیدر پراڈکٹس اور کرکٹ کا سامان ایکسپورٹ کرتے ہیں لیکن میں کرکٹ کا نہیں فٹ بال کھیلنے کا شوقین ہوں۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اس امر پر زور دیا ہے کہ عالم اسلام کو قرآن وسنت کی بنیاد پر اکٹھا ہونا ہو گا۔ مسلمانوں کی تعداد بڑھی ہے مگر ہر کوئی ہمیں فٹبال کی طرح لات مارتا ہے۔

مزیدخبریں