شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کیلئے میاں نواز شریف کے ویژن کی تکمیل ناگزیر ہے جس پر حکومت بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ ملک کو معاشی لحاظ سے ایشین ٹائیگر بنانا میاں محمد نواز شریف کا وعدہ ہے جو ہر حال میں پارٹی قیادت پورا کرے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ سیاست ذاتی یا پارٹی مفادات کی تکمیل کا نام نہیں بلکہ قومی و عوامی مفادات کا حصول یقینی بنانے کا ذریعہ ہے۔ اپوزیشن تنقید برائے تنقید اور الزام تراشی کی سیاست کرنے کی بجائے ملکی مفادات کے حصول کی خاطر کردار ادا کرے تاکہ معاشی ترقی کے اہداف کے حصول میں اپوزیشن کا بھی حصہ شامل ہو سکے۔