اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) سی سی پی اور پاکستان شماریات بیورو کے درمیان ڈیٹا اور معلومات کے تبادلہ کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ کمپیٹیشن کمشن کے چئیرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو اور شماریات بیورو کے ممبر سرور گوندل نے پاکستان شماریات بیورو کی جانب سے منعقدہ نینشنل ڈیٹا کانفرنس کے موقع پر مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات احسن اقبال بھی موجود تھے۔ تقریب میں چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر، سیکرٹری منصوبہ بندی اویس منظور سمرا، چیف پاکستان ادارہ شماریات نعیم اظفر، وفاقی و صوبائی وزارتوں کے نمائندوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ ڈیٹا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ ترقی کی سمت متعین کرنے کے لئے قابل بھروسہ اور معیاری ڈیٹا کی فراہمی ناگزیر ہے تاکہ درست فیصلے کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈیٹا اور ٹیکنالوجی کے انقلاب میں دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چل سکیں، معاشی میدان میں ترقی کے لیے ہمیں پالیسیوں کے تسلسل اور استحکام کی اشد ضرورت ہے۔ جدید دور مارکیٹ کے ٹرینڈرز اور مانیٹرنگ کے لئے ڈیٹا، خصوصاً قیمتوں کے ٹرینڈرز کا جائزہ لینا بہت ضروری ہے۔ اس سلسلے میں کمپٹیشن کمیشن میں مارکیٹ انٹیلی جنس یونٹ قائم کیا گیا ہے جو کہ مسلسل مارکیٹ میں کمپٹیشن مخالف اقدامات کی مانیٹرنگ کرتا ہے ۔ دوسری طرف ایشیائی ترقیاتی بنک کی کنٹری ڈائریکٹر نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے ملاقات کی۔ اعلامیہ کے مطابق اے ڈی بی کی مالی معاونت سے جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ احسن اقبال نے سڑکوں کی تعمیر او ربنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔