وقت آ گیا تھا پارلیمنٹ پوری قوت کیساتھ بگاڑ کا راستہ روکے ‘عرفان صدیقی

اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے ) سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ وقت آ گیا تھا پارلیمنٹ پوری قوت کے ساتھ بگاڑ کا راستہ روکے، آئینی  اداروں کا توازن بحال کرے اور اپنے حلف کے مطابق آئین کا تحفظ کرے۔چھبیس ویں ترمیم اسی مقصد کی طرف ہارلیمینٹ کا پْر عزم اقدام ہے۔ ایکس پر اپنے بیان میں مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما نے کہا کہ ایک مدت سے جاری بے مہار عدالتی ایکٹوازم نے، عدلیہ کی آزادی کے نام پر، ریاست کے دوسرے دو ستونوں، مقننہ اور انتظامیہ کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب اس ایکٹوازم کے ہاتھ آئین کے گریبان تک پہنچ گئے ہیں جس کا کچھ حصہ نظریہ ضرورت اور سہولت کی بھینٹ چڑھ جاتا ہے، کچھ کو توجہ کے لائق نہیں سمجھا جاتا اور کچھ پر تشریح کے بہانے قبضہ جمالیا گیا ہے۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ اب تو مرضی کے نتائج حاصل کرنے کے لئے مرضی کا آئین لکھنا بھی معمول بنتا جا رہاہے۔وقت آگیا تھا کہ پارلیمنٹ پوری قوت کے ساتھ بگاڑ کا راستہ روکے، آئینی  اداروں کا توازن بحال کرے اور اپنے حلف کے مطابق آئین کا تحفظ کرے۔انہوں نے کہا کہ چھبیسویں ترمیم اسی مقصد کی طرف ہارلیمینٹ کا پْر عزم اقدام ہے۔ ویل ڈن پارلیمنٹ!!!

ای پیپر دی نیشن