تحریک انصاف کا26ویں آئینی ترمیم کو ووٹ دینے والے پارٹی اراکین کے خلاف تادیبی کارروائی کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف نے نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی تعیناتی کے لیے قائم کی گئی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے مکمل طور پر الگ رہنے کا اعلان کیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے ہونے والے اہم ترین اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ اجلاس میں 26ویں آئینی ترمیم پر پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں رائے شماری کے دوران پارٹی پالیسی کی خلاف ووٹ دینے والے اراکین کے خلاف فوری طور پر سخت کارروائی عمل میں لانے کی منظوری بھی دی گئی۔ آئینی ترمیم کو ووٹ دینے والے اراکینِ پارلیمان کی بنیادی جماعتی رکنیت کی منسوخی سمیت ان کے خلاف حتمی تادیبی کارروائی پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں پارٹی ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پارٹی سے روابط منقطع کرنے والے دیگر اراکین کو شوکاز نوٹسز کے اجرا کی بھی منظوری دی گئی۔شوکاز نوٹسز کے ذریعے ان اراکینِ پارلیمان سے پارٹی سے روابط منقطع کرنے اور حکومتی حلقوں سے روابط قائم کرنے سمیت متعلقہ معاملات کی خلاف ورزی پر اپنی پوزیشن واضح کرنے کا کہا جائے گا۔ اراکین کے شوکاز نوٹس کے جوابات کی روشنی میں ان کے آئندہ کے مستقبل کا تعین کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن