چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا 25اکتوبر کو ریٹائرمنٹ سے قبل 24اکتوبر کے علاوہ باقی 3دنوں کابینچ ڈی لسٹ کردیا گیا۔ چیف جسٹس نے اس سے قبل ہفتے کے پانچوں دن کیسز کی سماعت کرنا تھی۔ ترمیم شدہ ججز روسٹر سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر جاری کردیا گیا۔ سوموار کے روز چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس نعیم اخترافغان اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل 3رکنی بینچ نے کیسز کی سماعت کی۔ ہفتے کے باقی 4میں سے 3دن چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ مقدمات کی سماعت نہیں کریں گے جبکہ وہ اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل صرف ایک دن 24اکتوبر کومقدمات کی سماعت کریں گے۔ چیف جسٹس کی جانب سے کیسز کی سماعت نہ کرنے کی وجہ سے ہفتے کے چار دنوں میں سے 3دن سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج سید منصورعلی شاہ کی سربراہی میں جسٹس مسز عائشہ اے ملک اور جسٹس عقیل احمد عباسی پر مشتمل 3رکنی بینچ سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر 1میں کیسز کی سماعت کرے گا۔ جبکہ چیف جسٹس کے بینچ کاحصہ جسٹس نعیم اخترافغان اور جسٹس شاہد بلال حسن سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر 6میں 22،23اور25اکتوبر کوکیسز کی سماعت کریں گے۔ دوسری جانب 25اکتوبر بروز جمعہ کو چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر دن ساڑھے 10بجے فل کورٹ ریفرنس کانعقاد کیا جائے گا۔ فل کورٹ ریفرنس سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ، سینئر ترین جج سید منصورعلی شاہ، وائس چیئرمین پاکستان بارکونسل اور سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر خطاب کریں گے۔