وزیراعلیٰ پنجاب عام آدمی کیلئے بہت محنت سے منصوبوں کا اجرا کررہی ہیں : عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ صاحبہ بہت محنت سے عام آدمی کیلئے منصوبوں کا اجرا کر رہی ہیں۔ لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ صاحبہ کا اپنی چھت اپنا گھر پروگرام ایک فلیگ شپ پروگرام ہے، یہ پروگرام دو ڈھائی ماہ میں مکمل ہوا، آج گھروں کی تعمیر جاری ہے، لوگوں کو 15 لاکھ تک کا قرضہ مل رہا ہے، لوگوں نے اپنے گھر بنانے شروع کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج وزیراعلیٰ نے خود جا کر ایک خاتون کو گھر کی مبارکباد دی، آج وزیراعلیٰ صاحبہ نے ثوبیہ شاہد صاحبہ کو گھر بنانے کی دوسری قسط دی، وزیراعلیٰ مریم نواز صرف وعدہ نہیں کرتیں ان کو پورا بھی کرتی ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا ادویات ،ایمبولینس سروس اور اساتذہ کی ٹریننگ شروع کر دی گئی ہے، پہلے کسی کو خیال نہیں آیا تھا کہ اساتذہ کی ٹریننگ بھی ہوتی ہے، پنجاب میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں دیگر صوبوں سے کم ہیں، ہمیں پہلے رمضان میں خیال آتا تھا کہ اشیاء کی قیمتوں کو کم کریں، اب باقاعدہ ایک محکمہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کیلئے قائم کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے آفس میں ایک ڈیش بورڈ ہے جس پر وہ خود قیمتوں کو مانیٹر کر رہی ہوتی ہیں، پنجاب میں روٹی کی قیمت کم ہوئی مگر دیگر صوبوں میں یہ نہیں ہو سکا، جو اقدامات پنجاب اٹھا رہا ہے وہ باقی صوبوں میں نظر نہیں آتے، وزیراعلیٰ مریم نواز منڈیوں کو بھی خود مانیٹر کر رہی ہیں، مجھے بھی پہلی بار پتہ چلا کہ منڈیوں میں کیسے کام ہوتا ہے۔ وزیراطلاعات پنجاب نے کہا پیاز، ٹماٹر، دودھ، آلو اور دیگراشیاء دوسرے صوبوں سے کم قیمت پر فروخت ہو رہی ہیں، پرائس کنٹرول کمیٹیوں پر جو محکمہ بنا اس سے قیمتوں میں مزید کمی ہو گی۔ ان کاکہنا تھا کہ پنجاب میں جرائم میں بھی کمی ہو رہی ہے، لاہور میں جرائم کی شرح میں 43 فیصد کمی ہوئی ہے یہ 43 فیصد کمی چھوٹی نہیں ہوتی، موٹر سائیکل چوری اور گاڑی چوری کی وارداتوں میں بھی کمی ہوئی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم خراج تحسین کی مستحق ہے۔ عظمٰی بخاری کا مزید کہنا تھا کچھ دن پہلے تحریک فساد نے جلسہ جلوس کرنے کیلئے لاسٹ کال دی تھی، ان کے رپورٹ کارڈ جاری کرنے کا مجھے مزا آتا ہے، پی ٹی آئی نے 26 ڈسٹرکٹس میں احتجاج کی کال دی تھی، احتجاج کرنے والے صرف 13جگہوں پر اکٹھے ہوئے، صرف 11 ڈسٹرکٹس میں 13 جگہ احتجاج ہوا، ان کے احتجاج بری طرح ناکام ہوئے، پنجاب کی عوام بہت سمجھدار ہیں، وہ کارکردگی اور خدمت کو سپورٹ کرتے ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن