امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن حماس سربراہ یحیٰ سنوار کی شہادت کے بعد غزہ جنگ بندی مذاکرات کو بحال کرنے کے لیے اسرائیل پہنچ گئے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق غزہ جنگ بندی مذاکرات کی بحالی کے لیے امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن 7 اکتوبر 2023ء سے جاری غزہ اسرائیل جنگ کے بعد سے مشرقِ وسطیٰ کے 11 ویں دورے پر آج اسرائیل پہنچے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن اسرائیل، اردن اور دوحہ کا دورہ کریں گے
اس موقع پر وہ غزہ جنگ کے خاتمے، جنگ کے بعد کی منصوبہ بندی اور امداد کی فراہمی پر بات چیت کریں گے۔
ادھر اسرائیلی افواج کی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، حال ہی میں متعدد پناہ گاہوں پر ہونے والی بم باری کے نتیجے میں مجموعی طور پر 13 فلسطینی شہید اور30 سے زائد زخمی ہو گئے۔
بے گھر فلسطینیوں کے لیے پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہونے والے اسکول پر اسرائیلی فوج کی بم باری میں 10 فلسطینی شہید اور 30 زخمی ہو گئے۔
بیتِ حنون کے مرکز میں ایک اور پناہ گاہ پر اسرائیلی فوجی حملے میں 3 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔
ادھر اسرائیل کے شمالی غزہ کے محاصرے کے 17 دن میں اب تک 640 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کے چھاپوں کے دوران فائرنگ سے 15 سالہ فلسطینی لڑکا زخمی ہوا ہے