وفاقی کابینہ اجلاس" گھریلو تشدد کی روک تھام پر بل منظور 

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔وفاقی کابینہ کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے چھبیسویں آئینی ترمیم کے حوالے سے سیاسی پارٹیوں اور ان کی رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ عدالتی اصلاحات اور نظام عدل کی بہتری کے حوالے سے چھبیسویں آئینی ترمیم ناگزیر تھی. چھبیسویں آئینی ترمیم 2006 کے میثاق جمہوریت کی تکمیل ہے۔وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ اجلاس کے کامیاب انعقاد پر اظہار تشکر کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کی تعریف کی-وزیراعظم نے ملک میں پولیو کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملک میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسز پر رپورٹ طلب کرلی- انہوں نے انسداد پولیو کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت دیتے ہوئے انسداد پولیو پر اجلاس بھی طلب کرلیا۔وفاقی کابینہ نے وزارت انسانی حقوق کی سفارش پر گھریلو تشدد کی روک تھام کے بل ڈومیسٹک وائلینس (پریوینشن اینڈ پروٹیکشن) بل 2024 کو کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز میں بھیجنے کی منظوری دے دی-اس بل کا اطلاق اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پر ہوگا، کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ یہ بل گھریلو تشدد کی روک تھام کے لئے انسٹی ٹیوشنل فریم ورک فراہم کرے گا۔کابینہ کو مزید بتایا گیا کہ گھریلو تشدد کی روک تھام پر قانون سازی کے ذریعے نہ صرف گھریلو تشدد کی روک تھام میں مدد ملے گی بلکہ گھریلو تشدد کا شکار ہونے والوں کو ریلیف بھی فراہم کی جاسکے گی اور گھریلو تشدد کا مرتکب ہونے والوں کو قرار واقعی سزا دلانے میں بھی مدد ملے گی۔وفاقی کابینہ نے وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے بورڈ آف مینجمنٹ میں لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ معظم اعجاز، انجینئر فہیم اقبال اور عاصم شہریار حسین کی بطور پرائیوٹ ممبران تعیناتی کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر کلیمز فارمینٹی نینس (ریکوری ایبراڈ) آرڈیننس1959 کے تحت وفاقی وزارت قانون و انصاف کو درخواستیں وصول کرنے کے حوالے سے ٹرانسمٹنگ اینڈ ریسیونگ ایجنسی مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔ کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ حکومت پاکستان نے 1959 میں کنونشن آن دی ریکوری ایبراڈ 1956 میں شمولیت اختیار کی اور اس حوالے سے کلیمز فارمینٹی نینس (ریکوری ایبراڈ) آرڈی نینس 1959 میں جاری کیا گیا تھا۔وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر نیشنل کونسل فار طب کی ایگزامننگ باڈی کی چئیر پرسن اور ممبران کی تقرری کی منظوری دے دی۔ڈاکٹر شافیہ ارشد کو نیشنل کونسل فار طب کی ایگزامننگ باڈی کی چئیر پرسن مقرر کیا گیا ہے جب کہ باڈی کے ممبران میں ڈاکٹر رضوان آصف، محمد خورشید عالم ، اکرام اللہ ، معین الدین اور ڈاکٹر عطاء اللہ شامل ہیں۔وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر فارمیسی کونسل آف پاکستان کی تنظیم نو کی منظوری دے دی ہے-

ای پیپر دی نیشن