اقوام متحدہ کی جانب سے سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے جاری کردہ نئی رپورٹ میں اقوام متحدہ کے سیفٹی اینڈ سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ نے متاثرہ علاقوں میں اپنے امدادی عملہ کووہاں پرمظاہروں اورلوٹ مارسے بھی محتاط رہنے کی ہدیات دیں ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیلاب سے پاکستان کا چاراعشاریہ پانچ فیصد علاقہ متاثر ہوا ہے۔ سیلاب سے سندھ سب سے زیادہ متاثرہوا ہے اوروہاں پرمواصلاتی نظام بحال نہیں ہوسکا۔ جبکہ پنجاب کے بیشتر متاثرہ علاقوں میں مواصلاتی نظام بحال ہوچکا ہے۔ خیبرپختونخواہ کے کوہستان، اپردیراورشمالی سوات میں امدادی کارروائیوں میں سست رفتاری اور ڈیرہ اسماعیل خان اورٹانک میں سکیورٹی خدشات کا رپورٹ میں اظہارکیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سےپاکستان کے سیلاب کے متاثرین کیلئے دوارب ڈالرسے زائد کی جاری کردہ اپیل میں سے تینتالیس کروڑ پینتالیس لاکھ ڈالرمل چکے ہیں۔