راولپنڈی : فائرنگ سے اہلسنت و الجماعت کے رہنما مفتی امان اللہ جاں بحق، طلبا کا احتجاج، ہنگو میں جے یو آئی(ف) کے مولانا شیر عالم قتل

راولپنڈی + ہنگو (اپنے سٹاف رپورٹر سے + نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) دارالعلوم تعلیم القرآن راجہ بازار کے مہتمم مولانا اشرف علی کے صاحبزادے اور نائب خطیب و نائب مہتمم مفتی امان اللہ خان کو دھمیال روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ حملہ میں ان کے ساتھ موٹرسائیکل پر سوار طالب علم بھی شدید زخمی ہو گیا۔ دارالعلوم تعلیم القرآن کے مشتعل طلبہ نے اس واقعہ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے فوارہ چوک بلاک کر دیا جس سے چاروں جانب گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں جبکہ ہنگو کے علاقے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے جمعیت علماء اسلام (ف) کے مقامی رہنما مولانا شیر عالم فاروقی کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی شام ساڑھے پانچ بجے اہلسنت جماعت کے مفتی امان اللہ خان اپنے موٹرسائیکل پر دارالعلوم تعلیم القرآن کے طالب علم محمود اظہر کے ہمراہ تھانہ آر اے بازار کے علاقے دھمکیال روڈ پر واپڈا گیٹ کے قریب پہنچے تو اچانک وہاں کھڑے نامعلوم ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے مفتی امان اللہ جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کا ساتھی طالب علم شدید زخمی ہو گیا۔ انہیں ڈی ایچ کیو لے جایا گیا جہاں بڑی تعداد میں دارالعلوم تعلیم القرآن کے طلبہ بھی پہنچ گئے۔ علاوہ ازیں مدرسہ تعلیم القرآن کے مشتعل طلبہ احتجاج کرنے لگے اور فوارہ چوک کی سڑکیں بلاک کر دیں۔ پولیس کی ٹیکنیکل ٹیم نے بھی جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے اور دھمیال روڈ مکمل طور پر بند کر دی۔ جس سے ٹریفک جام ہو گئی۔ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندیاں کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ علاوہ ازیں مدرسہ دارالعلوم تعلیم القرآن کے مہتمم مولانا اشرف علی نے کہا ہے کہ انہیں اور ان کے بیٹے کو مسلسل فون اور خطوط کے ذریعے دھمکیاں دی جا رہی تھیں میرے اور میرے بیٹے کے خلاف مقدمات درج تھے جبکہ سانحہ راجہ بازار کے ملزمان ضمانتوں پر چھوڑ دیئے گئے۔ علاوہ ازیں پولیس کے مطابق مولانا شیر عالم فاروقی علاقہ تورہ غنڈی میں اپنے حجرے کے سامنے کھڑے تھے کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ واقعہ کے بعد پولیس نے علاقہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ تاہم اب تک کسی کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ جے یو آئی (ف) کے صوبائی امیر گل نصیب خان نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ جبکہ جمعیت علماء اسلام کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبدالجلیل جان نے بھی واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا شیر عالم تحصیل ہنگو میں ان کی جماعت کے نائب امیر تھے اور وہ جامعہ حقانیہ سے فارغ التحصیل تھے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...