لاہور + فیصل آباد (نیوز ایجنسیاں + نمائندہ خصوصی) صوبائی دارالحکومت سمیت مختلف شہروں میں گزشتہ روز بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا جس پر لوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔ 10 سے 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا، کئی علاقوں میں گیس کی بھی شدید قلت رہی جس کے باعث گھروں میں چولہے ٹھنڈے رہے۔ فیصل آباد میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف کچہری بازار چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ماڈل ٹاؤن کے علاقہ مکینوں نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرین ماڈل ٹاؤن سے جلوس کی شکل میں کچہری بازار آئے اور ٹائر جلا کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق شہر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے جبکہ دیہات میں 16 گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔ اس صورتحال پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔ آئی این پی کے مطابق وزیراعظم نوازشریف اور وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سخت نوٹس لے لیا۔ واپڈا ذرائع کے مطابق دونوں حکومتی شخصیات نے پنجاب میں بڑھتی ہوئی بدترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈ نگ کا بھی مکمل خاتمہ کیا جائے اور جو افسران اور اہلکاران غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ علاوہ ازیں آن لائن کے مطابق بجلی کے بلوں میں اووربلنگ پر وزیراعظم نوازشریف کی طرف سے نوٹس لینے کے بعد تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں‘ اس ضمن میں وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے بجلی سپلائی کرنے والی تقسیم کار کمپنیوں سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق میٹر ریڈرز نے گھر بیٹھ کر ہی صارفین کو زیادہ ریڈنگ ڈال دی جس پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
لاہور (نیوز رپورٹر) لیسکو نے صوبائی دارالحکومت میں 6 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ لاہور کے سبھی علاقوں میں 6 گھنٹے کی بجلی بند کی جائے گی۔ گرڈ سٹیشن پر مانیٹرنگ کرنے کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ ڈائریکٹر آپریشن لیسکو محبوب علی نے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں صرف 6 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ یہ تاثر درست نہیں ہے کہ لاہور میں 14 یا 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ ہمارے پاس بجلی کا کوٹہ جتنا ملتا ہے اس کے حساب سے سبھی شہروں اور دیہات میں یکساں لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام گرڈ سٹیشن کو سختی سے مانیٹرنگ کی جاتی ہے تمام گرڈ سٹیشن کو بجلی کی بندش کا شیڈول جاری کیا جاتا ہے جس کے مطابق بجلی بند کی جاتی ہے۔ دریں اثناء لاہور میں اتوار والے روز بھی بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری رہا۔ صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت بجلی کی لوڈشیڈنگ کا فوری حل ڈھونڈیں۔
بجلی کی بندش جاری‘ وزیراعظم‘ خواجہ آصف نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے لیا
Sep 22, 2014