اسلام آباد (وقائع نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیراعظم نوازشریف کے بارے میں ان کے 143 کرپشن کیسوں کے بند کئے جانے کے حوالے سے شائع ہونے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے یہ خبریں بے بنیاد ہیں اور حقیقت پر مبنی نہیں۔ نیب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے قومی احتساب بیورو نے وزیراعظم نوازشریف اور ان کے خاندان کے خلاف کوئی کیس بند نہیں کیا۔ نیب اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے نیب مکمل طور پر آزاد‘ غیر جانبدار اور غیر سیاسی ادارہ ہے اور نیب تمام کیسوں کی تحقیقات ملزم کے معاشرتی مقام اور عہدے کی پروا کئے بغیر مکمل میرٹ اور دستیاب ثبوتوں کی بنیاد پر کرتا ہے۔