اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے کراچی میں کامیاب جلسے پر عمران خان کو مبارکباد دیتے کہا ہے کہ حکمرانوں کے اقتدار کا خاتمہ ہونے والا ہے۔ ایسے لوگوں کو قبر بھی قبول نہیں کرے گی، حکمران اپنے رویوں سے برے انجام کو دعوت دے رہے ہیں۔ پارلیمنٹ کے سامنے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ انقلابی یہاں حکمرانوں کو آئین رٹانے آئے ہیں، آئین کے فہم اور جمہوریت کے تصور میں فرق ہے، موجودہ پارلیمنٹ جمہوری رویوں کا قبرستان ہے۔ شہباز شریف کے پاس اب بھی دس وزارتیں ہیں، حکمرانوں میں افریقی ممالک کے برابر بھی جمہوری روایات نہیں۔ طاہر القادری نے ہدایت کہ آج کوئی کارکن واپس نہ جائے آج شام کو بتائوں گا کہ کارکنوں نے کب واپس جانا ہے۔ انقلاب آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، تمام کارکن چوک اور پنڈال میں موجود رہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حکمرانوں نے ہماری کھانا بنانے والی ٹیم کو بھی گرفتار کرلیا، انقلاب مارچ کے شرکاء حکمرانوں کو جمہوریت سکھانے آئے ہیں، امریکہ کے 8گورنرز پر الزام لگا تو انہوں نے استعفیٰ دیا۔ ان پر 17لوگوں کے قتل کا الزام ہے پھر بھی استعفیٰ نہیں دیتے، نواز شریف بادشاہت کی طرف ہم شفافیت کی طرف جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے 143 کیسز نیب پر دبائو ڈال کر ختم کروا دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں میں دیانت اور امانت نام کی کوئی چیز نہیں، وزیر اعلیٰ، وزیر اعظم، صدر سب کرپشن کرتے ہیں۔ موجودہ پارلیمنٹ جمہوری رویوں کا قبرستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک خاندان کے 24 افراد اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں، اوپر سے کرپشن بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا جوڈیشل کمیشن نے شہباز شریف کو 17 افراد کے قتل کا ذمہ دار قرار دیا، پھر بھی استعفیٰ نہیں دے رہے۔