واشنگٹن(این این آئی)امریکی سینیٹ نے داعش کے خلاف کارروائی کے لیے 10 ملین ڈالر کی رقم کی منظوری دے دی ۔ یہ رقم ان لوگوں کو دی جائے گی جو امریکی صحافیوں کے گلے کاٹنے والے عسکریت پسندوں کے بارے میں اطلاع دیں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مارکو رویو نے کہا کہ ہم اس طریقے سے جیمز فولے اور سٹیون سوٹلوف کی یادوں کو احترام دے سکتے ہیں جو قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے کی طرف لانے کا ذریعہ ہیں، مقتول صحافی سٹیون سوٹلوف کا تعلق بھی فلوریڈا سے تھا۔ سینیٹر روبیو نے کہاکہ اس رقم کی منظوری ایک پیغام ہوگی،امریکی سینیٹر نے کہا کہ امریکی حکومت اپنے محبوب صحافیوں کے قاتلوں کو سزا دینے کے لیے انتھک کوششیں کرے گی۔سینیٹر جینی شاہین نے کہاکہ ہمارے ملک نے اپنے دو بیٹوں کو کھویا ہے اس لیے ضروری ہے کہ ہم ان کے قاتلوں اور دہشت گردوں کو انصاف کے سامنے لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں،سینیٹ کی طرف سے پیش کی گئی دس ملین ڈالر کی رقم 1984 کے ریوارڈ فار جسٹس پروگرام کے تحت دفتر خارجہ کے توسط سے وزیر خارجہ کو دی جائے گی۔سینیٹ کی طرف سے اس بل کی منظوری کے بعد ایوان نمائندگان کی منظوری ہو گی اور بعد ازاں صدر اوباما کے دستخطوں سے عمل در آمد کے لیے تیار ہوگا۔ امکان ہے اس بل کی حتمی منظوری ماہ نومبر میں ممکن ہو گی کیونکہ کانگرس کی سات ماہ کی چھٹیاں ماہ نومبر میں ختم ہوں گی۔
امریکی صحافیوں کا گلاکاٹنے والے عسکریت پسندوں پر ایک لاکھ ڈالرانعام
Sep 22, 2014