انچیون (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن نے کہا ہے کہ ہاکی اور کرکٹ کے علاوہ مارشل آرٹ کی کھیلوں میڈلز کی توقع ہے، آئی او سی نے پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انچیون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عارف حسن کا کہنا تھا کہ حکومت نے آئی او سی کی تسلیم شدہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو تسلیم کر لیا ہے امید ہے کہ اب معاملات بہتری کی جانب جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ دو ڈھائی سال سے جاری لڑائی کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان کھلاڑیوں کا ہوا ہے اب تمام مسئلے حل ہو رہے ہیں مستقبل میں کھلاڑیوں کو بین الاقوامی میعار کی تربیت کے لیے آئی او سی اور او سی اے سے بھی تعاون حاصل کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ میری انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس بیچ سے ملاقات ہوئی ہے جو بڑی مثبت رہی ہے۔