قومی کرکٹ ٹیم میں گروپنگ کا ذمہ دار پی سی بی ہے: محسن خاں

Sep 22, 2014

لاہور (حافظ محمد عمران / نمائندہ سپورٹس) ٹیم میں گروپنگ کا ذمہ دار کرکٹ بورڈ ہے۔ کھلاڑی بالکل ٹھیک ہوتے ہیں۔ انتظامی معاملات کی خرابی کی وجہ سے ٹیم کی کارکردگی بھی متاثر ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ محسن حسن خان نے وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مصباح الحق پاکستان کا اثاثہ ہیں۔ شاہد آفریدی بھی فائٹر کھلاڑی ہیں۔ دونوں کو اپنے اپنے شعبوں میں ملک کی خدمت کرنی چاہئے۔ ٹیسٹ وکٹ کیپر کامران اکمل نے کہا کہ ٹیم میں کپتانی کی وجہ سے کوئی دھڑے بندی نہیں ہے۔ ہمیشہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں پرفارم کرکے واپس آیا ہوں۔ تجزیہ کار چودھری محمد صدیق کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی سے محمد حفیظ ہی بہتر تھے۔ اسے کپتان بنانے کا فیصلہ غلط ہے۔ ٹیسٹ کرکٹر محمد خلیل کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی بہتر چوائس ہیں۔ وہ ٹی ٹونٹی کےلئے ٹیم کو زیادہ فائدہ دے سکتے ہیں۔ ٹیسٹ اور ون ڈے کے لئے مصباح الحق سے بہتر ہمارے پاس کوئی چوائس نہیں ہے۔ کپتان کی گرومنگ کرنے کے لئے بھی اقدامات کرنا ہوں گے۔ ٹیسٹ کرکٹر نوید لطیف کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر کارکردگی سب سے بڑا جواب ہوتی ہے۔ وہی کھلاڑی اپنی جگہ اور عہدہ برقرار رکھ سکتا ہے جو پرفارم کرے اور نتائج دے۔ مصباح اور شاہد آفریدی کو ایک دوسرے سے کوئی خطرہ نہیں۔ اگر دونوں پرفارم کر جاتے ہیں تو اپنے اپنے شعبوں اور عہدوں میں کوئی انہیں ہلا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سعید اجمل کی عدم موجودگی میں پاکستان ٹیم کو ون ڈے اور 20,20 میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا تاہم ٹیسٹ میں آف سپنر کی کمی محسوس نہیں ہو گی۔

مزیدخبریں