دشمن جان لے کوئی ہمارا عزم متزلزل نہیں کر سکتا، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر صورت جیتنا ہو گی: ائیرچیف

Sep 22, 2015

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ ) ائرچیف مارشل سہیل امان نے گزشتہ روز پشاور بڈھ بیر کیمپ کا دورہ کیا۔ ترجمان کے مطابق انہوں نے پاک فضائیہ کے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔ ائر چیف مارشل سہیل امان نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے وفاداری ہر جوان کا بنیادی فرض ہے۔ ہمارے دشمن کو علم ہونا چاہئے کہ کوئی ہمارا عزم متزلزل نہیں کر سکتا۔ پاک فضائیہ دہشتگردوں کیخلاف پرعزم ہے۔ دہشتگردوں کو ان کے مذموم ارادوں میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ ہر صورت جیتنا ہو گی۔ ائر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی جنگ ہے، پاک فضائیہ دشمن کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب ہونے نہیں دے گی۔دہشت گردی کے خلاف جنگ ہمارے مستقبل کی جنگ ہے۔ انہوں نے دہشت گردوں کا جوانمردی اور عزم و شجاعت سے مقابلہ کرنے اور ان کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے پر فضائیہ کے نوجوانوں کی تعریف کی اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ائر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ وطن کے ساتھ بے لوث محبت ہمارا اولین فریضہ ہے۔ ملک کی سالمیت اور خود مختاری کے تحفظ کے لئے پاک فضائیہ کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لئے اپنا کردار اداکرتی رہے گی۔ فضائیہ پاک سرزمین کی سالمیت اور تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ، ہم میں سے ہر کسی کا بنیادی اور پہلا فرض ملک سے وفاداری ہے‘ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہمارے مستقبل کی جنگ ہے‘ دشمن کو معلوم ہونا چاہئے کہ کوئی ہمارا عزم متزلزل نہیں کرسکتا‘ ملکی خودمختاری کی حفاظت ہمارا فرض ہے، دہشت گردوں کو ان کے مذموم ارادوں میں کامیاب نہیں ہونے دینگے ۔ انہوں نے فضائیہ کیمپ پر دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مادر وطن کی حفاظت ہماری پہلی اور بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادر وطن کی خودمختاری کی حفاظت ہمارا فرض ہے اور پاک فضائیہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ پاک فضائیہ جب تک اپنا یہ مشن پورا نہیں کرلیتی اس وقت تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

مزیدخبریں