اسلام آباد (آن لائن) داعش کے خلاف امریکی اتحاد میں شمولیت کے لئے پاکستان تذبذب کا شکار ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان نے اگلے چند دنوں میں فیصلہ کرنا ہے کہ آیا انتہاپسند گروپ داعش کے خلاف امریکہ کے زیر قیادت عالمی اتحاد میں شامل ہونا ہے یا نہیں۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے دورہ امریکہ سے قبل حکومت تذبذب میں ہے کہ وہ امریکی درخواست کا جواب دے جو انتہا پسند گروپ داعش کے خلاف اتحاد میں شمولیت کے حوالے سے ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف اگلے ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے لئے امریکہ کا دورہ کریں گے۔ میڈیا رپورٹس میں حکومتی عہدیدار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پاکستان امریکی مطالبے اور انتہا پسندوں کے خلاف جاری لڑائی کے درمیان اٹکا ہوا ہے اور اسلام آباد کو وزیراعظم کے دورہ امریکہ سے قبل یہ فیصلہ کرنا ہو گا عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف راحیل شریف اس معاملے پر ایک ہی صفحے پر ہیں اور اس اتحاد میں شامل ہونے کے لئے رضا مند نہیں ہیں۔