اسلام آباد + حافظ آباد (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا آج منگل کو ہونے والا دورہ حافظ آباد ایک بار پھر منسوخ ہو گیا۔ مسلم لیگی ذرائع کے مطابق میاں محمد نوازشریف اب عیدالاضحی کے بعد حافظ آباد کا دورہ کرینگے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ حافظ آباد کے ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے وزیراعظم کے دورہ حافظ آباد کی مناسبت سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے تھے اور حافظ آباد سے کولو تارڑ تک ٹوٹ پھوٹ کا شکار چلی آنے والی سڑک میں موجود کھڈوں کو پُر کر کے اسے مرمت کر دیا گیا لیکن وزیراعظم کے دورہ کی منسوخی سے یہ تمام انتظامات دھرے کے دھرے رہ گئے۔دریں اثناء وزیراعظم محمد نواز شریف آج لندن کے راستے امریکہ کے دورے پر روانہ ہونگے۔ وزیراعظم برطانیہ میں دو روز قیام کے بعد نیویارک جائیں گے۔ نیویارک میں عید منانے کے علاوہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم 11 روزہ غیرملکی دورہ مکمل کرکے 2 اکتوبر کو وطن واپس آئیں گے۔ نیویارک سے وطن واپسی پر بھی لندن میں قیام کریں گے۔