حیدر آباد اور کوئٹہ میں فائرنگ، سب انسپکٹر سمیت 2 افراد جاں بحق

حیدر آباد + کوئٹہ (آن لائن + صباح نیوز) حیدر آباد اور کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سب انسپکٹر سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق حیدر آباد کی ممتاز کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سب انسپکٹر جاں بحق ہو گیا، مکی شاہ تھانے کی حدود میں ممتاز کالونی کے علاقہ میں پولیس سب انسپکٹر اشتیاق احمد اعوان کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ تھانے جانے کے لیے اپنی گاڑی میں گھر سے نکل رہے تھے، موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نے ٹارگٹ کر کے سب انسپکٹر پر فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں اشتیاق احمد کو چھ گولیاں لگیں۔ شدید زخمی حالت میں سول ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے، کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد میں مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس پر ایک شخص محمد عمر جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق پشتون آباد کے علاقے مٹھا چوک میں مسلح افراد نے گھر سے بازار جانے والے شخص محمد عمر پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

ای پیپر دی نیشن