لندن (صباح نیوز) برطانوی عدالت نے سکاٹ لینڈ یارڈ کو منی لانڈرنگ کیس میں ملزموں کے خلاف 5 اکتوبر تک ثبوت جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لندن کی عدالت میں منی لانڈرنگ کیس میں ضبط کی گئی رقم کی واپسی کے لئے ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین، سرفراز مرچنٹ، طارق میر اور افتخار حسین کی درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت نے چاروں افراد کو طلب کر رکھا تھا۔ سرفراز مرچنٹ کے وکیل کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے گھر سے برآمد رقم میں ان کے موکل کے پیسے بھی شامل ہیں، سرفراز مرچنٹ کے ضبط پیسوں کا منی لانڈرنگ سے تعلق نہیں، اس لئے وہ رقم واپس کی جائے۔ عدالت کے استفسار پر سکاٹ لینڈ یارڈ کے تفتیشی افسر اور وکیل نے بتایا کہ ان کے پاس اس بات کے واضح ثبوت ہیں کہ گھروں سے برآمد کی گئی رقم غیر قانونی طریقے سے لائی گئی۔ اس سلسلے میں تمام شواہد اکٹھے کرلیے گئے۔ عدالت نے کہا کہ اتنا عرصہ گزر جانے کے باوجود فرد جرم کیوں عائد نہیں کی گئی، سکاٹ لینڈ کی جانب سے عدالت کو یقین دہانی کرائی گئی کہ5 اکتوبر تک ایم کیو ایم کے بانی سمیت تمام ملزموں کو ثبوتوں سے متعلق تحریری طور پر آگاہ کردیا جائے گا‘ قانون کے مطابق انہیں 27 اکتوبر تک جواب طلب کیا جائے گا۔