اسلام آباد (نمائند نوائے وقت) سپریم کورٹ میں ملک میں مردم شماری میں تاخیر کے حوالے سے سوموٹو کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے اٹارنی جنرل کو پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت 4 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سوموٹو کیس کی سماعت کی تو ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا وقار نے عدالت میں پیش ہوکر موقف اختیار کیا کہ اٹارنی جنرل بیرون ملک دورے پر ہیں اس لئے پیش نہیں ہوئے عدالت کیس میں مہلت دے، اس پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے اٹارنی جنرل کی موجودگی ضروری ہے، حکومت ملک میں مردم شماری کرنے میں فیل ہو گئی ہے اسے اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے، خالی کاغذی رپورٹس جمع کرانے سے معاملہ حل نہ ہوگا۔ بعدازاں عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی کی مہلت کی استدعا منظورکر لی۔