لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ وقاریونس کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ چمپیئن شپ میس حاصل کرنا ملک کے لیے فخر کی بات ہے۔ لاہور میں آئی سی سی سے گرز وصول کرنا ایک ایسے ملک کے لیے تاریخی لمحہ تھا جہاں گزشتہ سات سالوں سے کوئی ٹیسٹ نہیں کھیلا گیا ہو۔وقار کا ماننا ہے کہ اس کامیابی پر ہر اس شخص کو داد دینی چاہیے جس نے اس پوزیشن کے حصول کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔ ٹیسٹ ٹیم کے مقابلے میں ہم ون ڈے میں جدید کرکٹ اپنانے میں بدقسمتی سے ناکام ہوئے ہیں جو اس طرز کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ہم نے نہ تو کوئی منصوبہ بندی کی اور نہ ہی اپنے ڈومیسٹک نظام میں تبدیلی کی اور یہی ون ڈے میں ناکامی کی وجہ ہے۔ پی سی بی ڈومیسٹک ون ڈے ٹورنامنٹ پر بھی پاکستان سپر لیگ کی طرح توجہ مرکوز کرے۔ہمیں ایک روزہ ٹیم میں چند جارح مزاج بلے بازوں اور میچ ونرز کی ضرورت ہے۔