واشنگٹن (اے ایف پی) امریکی ریاست شمالی کیرولائنا کے شہر شارلٹ میں ایک سیاہ فام شخص کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد مظاہروں میں بارہ پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ شارلٹ کے محکمہ پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کے واقعے کے مقام پر موجود پولیس کی گاڑیوں کو مظاہرین نے نشانہ بنایا اور ایک پولیس اہلکار کو منہ پر پتھر مارا گیا۔ یاد رہے کہ منگل کے روز 43 سالہ کیتھ لیموں سکاٹ کو سیاہ فام پولیس اہلکار نے گولی مار دی تھی اور ہسپتال میں وہ زخموں کی تاب نہ لاتا ہوئے مارے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیتھ لیموں سکاٹ اس واقعے کے وقت مسلح تھے تاہم ان کے رشتے داروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک کتاب اٹھا رکھی تھی۔ مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد مشتعل مظاہرین نے علاقے میں گلیاں بلاک کر دیں اور پولیس کو آنسو گیس استعمال کرنا پڑی۔