پی او ایف کے تیار کردہ آرمز اینڈ ایمونیشن کا افتتاح کر دیا گیا

واہ کینٹ/ کراچی (آئی این پی+این این آئی) نیول چیف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے پاکستان نیوی کے لیے پی او ایف کا تیار کردہ آرمز اینڈ ایمونیشن کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان آرڈننس فیکٹریز کی مصنوعات کی کوالٹی سے بہت متاثر ہوں، پاکستان آرڈننس فیکٹریز پاکستان نیوی کے لیے مزید مصنوعات تیارکرے، تعاون کو مزید وسعت دی جا ئے گی۔ جمعرات کو چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ، نشان امتیاز (ملٹری) نے پاکستان نیوی کے لیے پی او ایف کا تیار کردہ آرمز اینڈ ایمونیشن کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر نیول چیف نے پی او ایف کے انجینئرز اور ہنرمندوں کی اعلیٰ صلاحیتوں کو سراہا اور پاکستان نیوی کے لیے تیار کردہ آرمز اینڈ ایمونیشن کی تیار ی میں شامل پی او ایف اور پاکستان نیوی کی ٹیم کو شاباش دی۔ اس سے پہلے پی او ایف آمد پر لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی، ہلال امتیاز (ملٹری) چیئرمین پی او ایف بورڈ نے نیول چیف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ ، نشان امتیاز (ملٹری) کا پی او ایف ہیلی پیڈ پر استقبال کیا اور پی او ایف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر بورڈ ممبران اور پی او ایف کے سینئر افسران سے تعارف کرایا گیا۔ عثمان علی بھٹی ڈائریکٹر ایکسپورٹس نے تفصیلی بریفنگ میں نیول چیف کو بتایا کہ پی او ایف کا بنیادی مینڈیٹ پاکستان کی مسلح افواج کو روایتی اسلحہ و گولہ بارود کی فراہمی ہے۔ پی او ایف مسلح افواج کی اسلحہ و گولہ بارود کی سو فیصد ضروریات پوری کر رہا ہے اور فاضل پیداوار دنیا کے چالیس سے زیادہ ممالک کو برآمد بھی کر رہا ہے۔ مہمانوں کی کتاب میں نیول چیف نے اپنے تاثرات درج کرتے ہوئے لکھا کہ’’میں پاکستان آرڈننس فیکٹریز کی مصنوعات کی کوالٹی سے بہت متاثر ہوا ہوں اور پی او ایف کے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے افسران اور ہنر مندوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ پاک بحریہ کے ہسپتال پی این ایس شفاء میںامراضِ قلب کے علاج کے لیے قائم کیے گئے جدید سہولیات سے آراستہ انٹر وینشنل کارڈیک یونٹ کی افتتاحی تقریب جمعرات کو منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ تقریب کے مہما نِ خصوصی تھے جنہوں نے کارڈیک یونٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔ پی این ایس شفاء آمد پر کمانڈر کراچی رئیر ایڈمرل اطہر مختار نے مہمانِ خصوصی کا خیر مقدم کیا۔ ڈائریکٹر جنرل میڈیکل سروسز (نیوی) سرجن رئیر ایڈمرل نجم الثاقب بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سربراہ پاک بحریہ نے امید ظاہر کی کہ یہ ہسپتال مسلح افواج کے افراد اور مقامی شہریوں کو یکساں طور پر معیاری طبی سہولیات کی فراہمی جار ی رکھے گا۔
نیول چیف

ای پیپر دی نیشن