راولپنڈی (نےوز رپورٹر ) انجمن عالمی تحریک پنجتن پاک کے زیراہتمام راولپنڈی آرٹس کونسل کے تعاون سے دسویں سالانہ انٹرنیشنل شہادت ِحضرت امام حسینؑ وبقائے پاکستان کا نفرنس کااہتمام کیا گیا۔کانفرنس کی صدارت صاحبزادہ پیرڈاکٹرعظمت اللہ سلطان نے کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرجمال ناصر کا کہنا تھا کہ اسلام کی سربلندی کے لیے امام عالی مقام سیدنا حضرت امام حسین ؑنے پورے خاندان کی قربانی پیش کی اوروطن عزیزکی بنیادبھی اُسی اسلام پر رکھی گئی۔انھوں نے کہا کہ حضرت امام حسین ؑکے ساتھ کم افرادتھے مگرآپ ؑ نے ڈٹ کردشمن کا مقابلہ کیا اورسرخروہوئے ۔صاحبزادہ پیرڈاکٹرعظمت اللہ سلطان نے کہا کہ حضرت امام حسین ؑ کی شہادت پوری دنیا کے مسلمانوںکی حق گوئی کے حوالے سے ایک زندہ مثال ہے۔ حضرت امام حسین ؑ نہ صرف حق پرڈٹ گئے اورباطل کا مقابلہ کیا بلکہ اپنے ناناحضرت محمدمصطفی کے دین کوقیامت تک کے لیے زندہ جاویدکردیا۔پیرنقیب الرحمن نے کہا کہ اسلام سلامتی کا نام ہے اورامام حسین نے اسلام کا علم بلندکیا جو تاقیامت رہے گا۔ایران سفارتخانے کے کونصلرآغا شہاب الدین درائی نے کہا کہ آج بھی اس بات کی اشدضرورت ہے حق کوحق کہا جائے اورباطل کے خلاف عملی جدوجہد کی جائے اوردنیا بھرمیں مسلمانوں کومتحدہوکردین کے خلاف سیسہ پلائی دیواربن کردشمن کی سازشوںکوناکام بنایا جائے۔ڈاکٹرغضنفرمہدی نے کہا کہ امریکی اوربھارتی گٹھ جوڑسے پاکستان کے خلاف آوازیں اٹھائی جا رہی ہیں اورسی پیک سمیت معاشی اورمعاشرتی ترقی دشمن کوہضم نہیں ہورہی۔انھوں نے کہا کہ ملک معاشی ترقی کے دورسے گزررہا ہے اورجلدترقی یافتہ ممالک میں شامل ہوکراسلام کا مضبوط سے مضبوط قلعہ ثابت ہوگا۔سابق وفاقی وزیرجے سالک نے کہا کہ دنیا میں امن واستقلال کے لیے حضرت امام حسین ؑکے پیغام کوپھیلانے کی اشدضرورت ہے تاکہ دنیا امن کا گہوارہ بن سکے۔عبداللہ حمیدگل نے کہا کہ مسلم دنیا کے اختلافات کی وجہ سے فلسطین،کشمیر، اوربرما میں مسلمان ظلم و ستم کا شکارہیں جبکہ اوآئی سی اوردیگرانسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔کانفرنس کے اختتام پرصاحبزادہ پیرڈاکٹرعظمت اللہ سلطان نے ملکی سلامتی وترقی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔انھوں نے برما کے مسلمانوں کی مصیبتیں دورکرنے کے لیے بھی پرسوزاورپراثر دعا کی۔کانفرنس سے سیکریٹری فلسطین سفارت خانہ نائل محمد،ایران سفارت خانہ سے ایم ایم ضامن،پنڈت چناں لال ، علامہ سلیم حیدر،ڈاکٹرمرتضی مغل،شیخ مختاراصلاحی، پروفیسرنیازعرفان،رقیہ شاہ بی بی،ڈاکٹرآفتاب سلہری، مفتی عبدالباسط، قمرزیدی، علامہ ایازظہیرہاشمی، حکیم محمدسہارنپوری اوردیگر نے بھی اظہارخیال کیا اورکامیاب کانفرنس کے انعقادپر پیر ڈاکٹر عظمت اللہ سلطان کومبارکبادپیش کی۔
اسلام کی سربلندی کےلئے امام حسین نے پورے خاندان کی قربانی پیش کی،ڈاکٹرجمال ناصر
Sep 22, 2017