.سندھ کی ٹیم کو آج شماریات بیورو میں مردم شماری سے متعلق بریف کیا جائیگا

Sep 22, 2017

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) مردم شماری پر سندھ کے اعتراضات کو دور کرنے کے لئے شماریات بیورو نے آج جمعہ کو سندھ کی تکنیکی ٹیم کو بیورو کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔ شماریات بیورو کی طرف سے مردم شماری 2017ء کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں ٹیم کو بریف کیا جائیگا۔ سندھ کی ٹیم کو کراچی اور دوسرے بڑے شہروں میں مردم شماری کے لئے اختیار کردہ طریقہ کار کے بارے میں بتایا جائے گا۔ ڈیٹا کی پراسیسنگ کے امور پر اعتماد میں لیا جائیگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت آئندہ انتخابات کو مردم شماری کے عبوری نتائج کی بنیاد پر منعقد کرانے کی متمنی ہے۔ تاہم سندھ کے شدید اعتراضات ہیں۔ مشترکہ مفادات کی کونسل میں پہلے سے ایک تجویز موجود ہے جس کے تحت آئین میں ترمیم کرکے مردم شماری کے عبوری نتائج پر حلقہ بندیاں اور دوسرے انتخابی امور طے کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ تاہم اس کے لئے سندھ کے اعتراضات کو دور کرنا ضروری ہے۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ پہلے ہی اس سلسلہ میں مشاورت کے لئے اجلاس منعقد کر رہی ہے۔

مزیدخبریں