مسلم ہینڈز کے زیر اہتمام روہنگیا ”مسلمانوں کے مسائل اور حل“ سیمینار کا انعقاد

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی طاقتیںروہنگیا کے مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و ستم کو رکوائیں ،او آئی سی کو اپنیذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم رکوانے اور ان کے حقوق کا تحفظ کرنے کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کرنا پڑے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نے مسلم ہینڈز پاکستان کے زیر اہتمام ”روہنگیا(برما)مسلمانوں کے سلگتے مسائل اور ان کا حل کے عنوان سے اسلام آباد میںمنعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حیوانیت اور درندگی کا شکار برمی مسلمان دنیا بھر کے مسلمانوں بالخصوص مسلم حکمرانو ں کی طرف امداد طلب نظروں سے دیکھ رہے ہیں ،مالدیپ جیسا 4لاکھ آبادی والا ملک کھل کر اظہار محبت کر رہا ہے مگر افسوس کے بڑی اسلامی طاقتیں خاموش دکھائی دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں برمی مسلمانوں کی امداد کے لئے فنڈ قائم کرنے کے لئے باقاعدہ قرار داد پیش کی گئی ہے اور اس فنڈ میں سب سے پہلے قومی اسمبلی کے اراکین ایک ایک ماہ کی تنخواہ جمع کروائیں گے اور مظلوم روہنگیا مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لئے جلد ایک وفد ترتشکیل دیا جائے گا، سیمینار میں سابق وزیر اعلیٰ کے پی کے پیر صابر شاہ،سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر نو ر الحق قادری ،چیئرمین قرآن بورڈ مفتی غلام محمد سیالوی،سابق وزیر آزاد کشمیر صاحبزادہ حامد رضا ،چیئرمین سیلانی فاﺅنڈیشن علامہ بشیر احمد فاروقی،صاحبزادہ سلطان احمد علی ،صاحبزادہ خالد سلطان القادری،ممتاز مذہبی سکالر رضا ثاقب مصطفائی نے بھی خطاب کیا ۔

ای پیپر دی نیشن