اسلام آباد (آئی این پی + اے پی پی) ملک میں محرم الحرام کا چاند نظر آگیا۔ نئے اسلامی سال 1439 ہجری کا (آج) جمعہ سے آغاز ہو گیا جبکہ عاشورہ یکم اکتوبر بروز اتوار کو ہوگا۔ محترم الحرام کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے ملک کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعا کرائی اور نئے سال کے آغاز پر تمام مسالک سے امن و امان برقرار رکھنے اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی اپیل کی۔ اسلامی سال نو کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدرمملکت ممنون حسین نے خودغرضانہ مفادات‘ فرقہ وارایت اور دہشت گردی جیسے قبیح عوامل سے دامن بچاتے ہوئے وطن عزیز اور امت مسلمہ میں اخوت و محبت‘ انسانیت کی فلاح و بہبود اور باہمی رواداری کو تعلیمات نبوی کی روشنی میں فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے بابرکت موقع پر پاکستانی قوم اور اہل اسلام کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے بارگاہ ایزدی میں دعا کی۔ یہ سال امت مسلمہ کیلئے باعث رحمت ثابت ہو۔ قوم کے نام پیغام میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے پاکستان واحد اسلامی مملکت اور جوہری طاقت ہے جو دین اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق زندگی بسر کرنے کیلئے ریاست مدینہ منورہ کے تصور کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا۔ قیام پاکستان کے بنیادی مقاصد پر عمل پیرا ہونا ایک طرح سے ہر پاکستانی شہری کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم نے کہا اسلامی تقویم کے پہلے مہینہ محرم الحرام سے اسلامی سال 1439 ہجری کا آغاز ہو رہا ہے۔ یہ ماہ مقدس ان چار مہینوں میں سے ایک ہے جس کا ذکر قرآن کریم میں حرمت اور توقیر کے حوالے سے کیا گیا ہے۔ اس مقدس مہینے کو تاریخ میں شروع سے ہی عزت و سرفرازی نصیب رہی ہے۔ اس اعتبار سے اس ماہ مقدس میں نیک اعمال اور خیر کے افعال کو عام دنوںکی نسبت زیادہ اہمیت اور بہتر حیثیت میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں ہر قسم کی بدگمانی‘ فرقہ واریت‘ دہشت گردانہ سرگرمیوں سے اجتناب کرتے ہوئے باہمی رواداری‘ اخوت و بھائی چارے‘ اتحاد و اتفاق‘ محبت ویگانت اور تمام اعلیٰ و ارفع انسانی اقدار کی پاسداری اور فروغ کو اپنا مطمع نظر بنانا چاہئے تاکہ ہم اقوام عالم میں مثالی حیثیت سے پہچانے جا سکیں۔
محرم الحرام