لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پنجاب حکومت اور سپورٹس بورڈ پنجاب کی عدم دلچسپی اور فنڈز کا اجرا نہ ہونے کی بنا پر 72 ویں پنجاب گیمز تیسری بار ملتوی کر دی گئی ہیں۔ سات سال سے گیمز کا انعقاد التوا کا شکار چلا آ رہا ہے جس کے باعث صوبے سے ٹیلنٹ ختم ہوتا جا رہا ہے۔ پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے گذشتہ سات سال سے کسی ایسوسی ایشن کو گرانٹ جاری نہیں کی گئی ہے۔ یوتھ فیسٹیول کے نام پر اربوں روپے ضائع کر دیئے گئے ایک بھی کھلاڑی بین الاقوامی معیار کا سامنے نہ آ سکا۔ پنجاب میں جس می آبادی ملک کے 60 فیصد ہے میں جان بوجھ کر اولمپک موومنٹ کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ سیکرٹری پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن ادریس حیدر خواجہ کا کہنا تھا کہ بڑی محنت سے پنجاب سٹیڈیم بنایا تھا، وزیر اعلٰی پنجاب نے سٹیڈیم میں دو کمرے پنجاب اولمپک کو دیئے تھے جن پر راتوں رات قبضہ کر لیا گیا ان کمروں میں پنجاب اولمپک کے اے سی اور دیگر سامان آج تک واپس نہیں کیا گیا ہے۔ اگر سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے کھیلوں کے ساتھ ایسی ہی سوتیلا پن روا رکھا گیا تو صوبہ بھر کے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ مال روڈ پر ہڑتالی کیمپ لگا دینگے۔