لاہور(خبر نگار)صوبائی وزیر بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ محمد منشاءاللہ بٹ کی سربراہی میں قائداعظم لائبریری باغ جناح میں لائبریری اتھارٹی تشکیل دینے بارے اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری لا ئبریری طاہر یوسف کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل پنجاب پبلک لائبریریز ڈاکٹر ظہیر احمد بابر اور نامور دانشور ،تجزیہ و کالم نگار مجیب الرحمان شامی نے بھی شرکت کی۔صوبائی وزیر محمد منشاءاللہ بٹ نے اجلاس کو بتایا کہ70 سال گزرنے کے باوجود آج تک کسی قسم کا لائبریری ایکٹ نہ بنایا جا سکا جس کی بنا پر لائبریریوں میںنئی کتابوں کو خریدا نہ جا سکا اور مختص فنڈز کو غیر ضروری طور پر استعمال میں لایا گیا۔ و زیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف صوبے کی تمام لائبریوں کے نظام اور طریقہ کار کو باضابطہ طور پر قانون سازی کے ذریعے ایک اتھارٹی بنا کردنیا بھرکی دیگر لائبریوں کی طرح جدید اور سائنسی انداز میں ڈھالنے پر کار بند عمل ہیں۔ حال ہی میں سروے کرایا گیا جس کے مطابق صوبہ کی 182لائبریر یوں میں سے صرف58لائبریریوں نے اپنی بہتر پرفارمنس بارے آگاہی دی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ان لائبریریوں کو فراہم کردہ فنڈز بارے بھی آ گاہی حاصل کی جا رہی ہے۔