لاہور ( سپیشل رپورٹر) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہاہے کہ کشمیریوں پر ایک ایک دن قیامت کا گزر رہاہے مگر ہمارے حکمران زبانی جمع خرچ کے علاوہ کچھ نہیں کر رہے ۔ آخری گولی تک لڑنے اور آخری حد تک جانے کی باتیں کرنے والے پہلا قدم اٹھانے کو تیار نہیں ، آخری گولی چلانے کی نوبت تو اس وقت آئے گی جب پہلی گولی چلے گی ۔ کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگانے اور اپنے شہید بیٹوں کو سبز ہلالی پرچم میں دفن کرنے والے پاکستان کی راہ دیکھ رہے ہیں ۔ 48 دن گزر گئے لوگ بھوک پیاس اور بیماریوں سے مر رہے ہیں ۔ خوراک نہ ادویات ، بھارت کی غاصب فوج نے ڈیڑھ ماہ میں پندرہ ہزار نوجوانوں کو غائب اور سینکڑوں بچیوں کو اٹھا لیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر زندہ رکھاہواہے۔