سیالکوٹ (نامہ نگار، نمائندہ خصوصی، نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ جب تک بھارت کشمیرسے کرفیو ختم نہیں کرتا اس وقت تک مودی سے مذاکرات نہیں ہو سکتے۔ بھارت نے بین الاقوامی قوانین کو پائوں تلے روندھا ہو اسکا سلامتی کونسل کا مستقل ممبر کا خواب پورا نہیں ہو گا۔ راہول گاندھی نے بیان دیا ہے کہ مودی عوام کے پیسوں پر ہیوسٹن میں اپنی تشہیر کر رہا ہے۔ امریکن صدر کاکشمیریوں کے قاتل اورگجرات کے قصاب کے ساتھ کھڑا ہونا باعث تشویش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سعودی حکومت کو بھارتی ریاست کی سیاہ کاریاں اور بھارتی فوج کی جانب سے خواتین کی عصمت دری سمیت تمام باتوں سے آگاہ کیا ہے۔ حرمین شریفین کے تقدس کی خاطر ہم سعودی قیادت کے شانہ بشانہ ہوں گے۔ وزیر اعظم پاکستان کا یو این اسمبلی کا دورہ خصوصی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ جس اقوام متحدہ کو مظلوم کی داد رسی اور ظالم کے احتساب کیلئے بنایا گیا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اقوام متحدہ اپنی ہی پاس کردہ قراردادوں پر کس طرح عمل کرواتی ہے۔ مودی نے عمران خان کی کاپی کرتے ہوئے ہیوسٹن میں ہندوستانی کمیونٹی سے خطاب کرنے کی کوشش کی جو ہری طرح ناکام ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ مودی کو گجرات کا قصاب کہا جاتا ہے امریکہ کے صدر کا جنرل اسمبلی میں مودی کے ساتھ کھڑا ہونا انسانیت کی تذلیل سمجھی جائے گی۔ وزیر اعظم عمران خان یو این اسمبلی میں دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان صدر ٹرمپ سمیت دنیا کی قیادت سے ملیں گے۔ ہم بھارت کو آڑے ہاتھوں لیں گے اور کشمیر پر سافٹ کارنر نہیں دکھائیں گے۔ میڈیا کو ریاست کا اہم ستون قرار دیا ہے باقی تمام ستون میڈیا کے ستون کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ حکومت میڈیا کا روڈ میپ، اے این پی ایس، پی ایف یو جے اے، صحافتی تنظیمیں اور پریس کلب سے مشاورت کے بعد قانون سازی کو پیش کیا جائے گا اور حتمی فیصلے کے بعد اس کو میڈیا کے سامنے رکھیں گے۔ وزیراعظم عمران خان دوریکیدوران عالمی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے، امریکی صدرٹرمپ نے ثالثی کی پیش کی تھی، عمران خان امریکی صدر سے ثالثی کی پیشکش پر بات کریں گے۔ وزیراعظم نے امریکہ میں پاکستانیوں سے خطاب کرکے ٹرینڈ سیٹ کیا۔ وزیراعظم کی نقل کرنے کی مودی کی کوشش ناکام ہو رہی ہے، وزیراعظم نے قومی بیانیے کے لیے پاکستانیوں سے خطاب کیاتھا، راہول گاندھی نے کہا کہ مودی سرکاری پیسے سے ذاتی تشہیر کررہا ہے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا حکومت میڈیا کی آزادی اور مؤثر کردار پر کوئی قدغن لگانے نہیں جارہی، میڈیا کو حکومت کی جانب سے کنٹرول کرنے کا تاثر غلط ہے، کشمیریوں پر پابندیاں نرم کرنے تک حکومت لچک کا مظاہرہ نہیں کرے گی۔
جنرل اسمبلی میں ٹرمپ کا فاشٹ مودی کیساتھ کھڑا ہونا انسانیت کی تذلیل، عمران عالمی ضمیر جھنجھوڑیں گے: فردوس عاشق
Sep 22, 2019