سرائے مغل (نامہ نگار) تین بچوں اور ایک لڑکی کے اغوا سے خوف و ہراس، دو سال قبل اغوا ہونے والے بچے کا بھی ابھی تک سراغ نہ مل سکا ۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز نواحی گائوں بلیر چک 46 کے گیارہ سالہ انیل ، نو سالہ عاطف اور تیرہ سالہ محمد اختیار کو ملزمان محمد مجاہد اور اسکے ساتھیوں نے دن دیہاڑے اغوا کر لیا اور نا معلوم مقامات پر لے گئے۔ والد رشید احمد کی درخواست پر تھانہ سرائے مغل میں مقدمہ درج ہوا۔ دوسرے واقعہ میں ہلہ کے قریب کوٹ عمر دین کے رہائشی محمد صادق کی سولہ سالہ بیٹی مزمل بی بی گھر میں اکیلی تھی، با اثر ملزم معروف اورساتھی گن پوائنٹ پر اغوا کر کے ڈیرے پر لے گئے اور زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد بے ہوش چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ شہر میں واقعات پر خوف و ہراس پھیل چکا ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔