صلاح الدین کی قبر کشائی، ڈی ایچ کیو ہسپتال گوجرانوالہ میں دوبارہ پوسٹ مارٹم

Sep 22, 2019

واہنڈو، گوجرانوالہ (نامہ نگار، نمائندہ خصوصی) رحیم یارخان پولیس حراست میں جاں بحق ہونے والے ذہنی معذور صلاح الدین کی قبرکشائی واہنڈو کے نواحی گائوں گورالی میں جوڈیشل مجسٹریٹ محمد عارف کی زیر نگرانی کی گئی، قبرکشائی اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کے لئے لاہور سے میڈیکل بورڈ پہنچا، ڈیڈ باڈی کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال گوجرانوالہ پہنچایا گیا ۔ میڈیکل بورڈ کے چیئرمین سرجن میڈیکولیگل پنجاب ڈاکٹر ظفر ، ایم ایس میو ہسپتال لاہور ڈاکٹر طاہر خلیل، سربراہ فرانزک ڈیپارٹمنٹ علامہ اقبال میڈیکل کالج لاہور ڈاکٹر فرحت سلطانہ سمیت تین دیگر سینئر ڈاکٹرز شامل ہیں۔ مقتول کے والد محمد افضال نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی تکلیف دہ مرحلہ ہے اگر پہلے ہی پوسٹ مارٹم رپورٹ صحیح بنائی جاتی تو انہیں آج یہ اقدام نہ اٹھا نا پڑتا۔ امید کرتاہوں کہ جو تشدد کے نشانات چھپائے گئے تھے اس پوسٹ مارٹم رپورٹ میں وہ سب ظاہر ہوں گے اور حقائق سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے بیٹے کے قاتلوں کو جان بوجھ کر گرفتارنہیں کیا جا رہا، بائیس روز گزرگئے مگرابھی تک ایک بھی ملزم گرفتار نہیں ہوسکا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ڈسٹرکٹ ہسپتال گوجرانوالہ میں 6 رکنی سپیشل میڈیکل بورڈ نے پوسٹمارٹم کیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ کامونکی محمد عارف نے پوسٹمارٹم کے عمل کی نگرانی کی ،جبکہ مردہ خانہ کے باہر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔

مزیدخبریں